نئی دہلی،25؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ملک میں چلنے والی پریمیم شتابدی ٹرینوں کا کرایہ کم ہو سکتا ہے۔وسائل کا مکمل طور پر استعمال کرنے کے لئے ریلوے ایسے روٹس پر چلنے والی شتابدی ٹرینوں کا کرایہ کم کرنے پر غور کر رہا ہے جس میں پیسنجرس کی تعداد کم رہتی ہے۔ ہندوستانی ریلوے نے 25 ایسی شتابدی ٹرینوں کی نشاندہی کی ہے جن کا کرایہ کم کیا جائے گا۔ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ ہندوستانی ریل کچھ شتابدی ٹرینوں کا کرایہ کم کرنے والے پرپوزل پر کام کر رہی ہے۔کرایہ کم کرنے کی تجویز کو اس پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی سے بھی تیزی ملی ہے جس میں دو ٹرینوں کا کرایہ گزشتہ سال کم کر دیا گیا تھا۔افسر نے بتایا کہ جہاں پائلٹ اسکیم نافذکی گئی تھی وہاں کمائی میں 17فیصد کا اضافہ ہوا اور مسافروں کی تعدادمیں بھی 63فیصد کا اضافہ ہوا۔یہ قدم ایسے وقت اٹھایا جا رہا ہے جب ہندوستانی ریلوے فلیکسی فیئر سسٹم نافذکرنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا کررہی ہے۔اس نظام سے شتابدی، راجدھانی اور درنتو جیسی ٹرینوں کا کرایہ کافی بڑھ گیا ہے۔ ریلوے ملک بھر میں 45شتابدی ٹرینیں چلاتی ہے جو ملک کی سب سے تیز ٹرین بھی ہے۔ریلوے نے گزشتہ سال دو شتابدی ٹرینوں پر پائلٹ پروجیکٹ کے تحت کرایہ کم کر دیا تھا۔نئی دہلی سے اجمیر اور چنئی سے میسور کی شتابدی ٹرینوں کا کرایہ کم کر کے اسکی اسٹڈی کی گئی تھی۔اس اسکیم کے تحت جے پور سے اجمیر اور بنگلور سے میسور کے درمیان کا کرایہ کم کر دیا گیا تھاکیونکہ ان روٹس پر مسافروں کی تعداد سب سے کم تھی۔افسر نے بتایاکہ اس اقدام کا مثبت اثر ہوا۔ہم نے ان روٹس پر کرایہ بس کے کرائے کے برابر کر دیا تھا۔